وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی صحافیوں سے گفتگو

47

اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان کی گرفتاری سے پاکستان تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں کے کلچر کا فرق واضح ہوا ہے۔ بدھ کو یہاں مقامی ہوٹل میں میڈیا لیب کی لانچنگ تقریب سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آج نیب نے علیم خان کو طلب کیا تھا، جب نیب کی جانب سے ان کو بتایا گیا کہ آپ کو گرفتار کیا جا رہا ہے تو انہوں نے فی الفور وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا جس سے پاکستان تحریک انصاف کے کلچر کا پتہ چلتا ہے کہ ہماری جماعت احتساب کے عمل کو کس طرح سپورٹ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علیم خان کے کیس کا فیصلہ آئین و قانون کی روشنی میں میرٹ پر ہو گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے اعتراض کیا جاتا تھا کہ نیب حکومت میں شامل افراد کو گرفتار نہیں کرتا اور اس سے عدم توازن کا اظہار کیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ علیم خان کی گرفتاری کے بعد اب اپوزیشن کا اگلا بہانہ کیا ہو گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم قومی اداروں اور احتساب کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے موجودہ رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی کی نیب میں طلبی پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا اس طلبی یا تحقیقات سے کوئی تعلق نہیں ہے، نیب ایک خود مختار ادارہ ہے جو اپنی پالیسی کے تحت اقدامات کر رہا ہے۔