اسلام آباد ۔ 7 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی نے کہا ہے کہ حکومت کرپٹ عناصر اور کرپشن کے خلاف اقدامات کو مزید بہتر اور موثر بنانے کے حوالے سے قومی احتساب بیورو (نیب) کے قوانین کو مزید بہتر بنانے اور ان میں ترامیم کے لیے تیار ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے احتساب قوانین میں ترامیم نہ کرنے کا ذمہ دار مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی سابق حکومتوں کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کے رہنما قومی اسمبلی میں عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ نہیں، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایوان میں عوامی مسائل کے حل پر بات کرنے کے بجائے اپنے قائدین پر دائر کرپشن کے مقدمات رکوانے کے لیے کوشاں ہیں،دونوں جماعتوں کے رہنما احتساب کے عمل سے بچنے کے لیے ایوان میں نازیبا زبان کا استعمال کر رہے ہیں تاہم پی ٹی آئی کی حکومت اپوزیشن کے اس طرح کے محرکات سے مرعوب نہیں ہو گی اور کرپشن کے معاملات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔