اقوام متحدہ ۔ 8 فروری (اے پی پی) اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ یمنی حکومت اور باغی حوثی ملیشیا کے درمیان سویڈن معاہدے کے تحت الحدیدہ میں نئی صف بندی کے آغاز پر سمجھوتا ہو گیا ہے۔اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجیرک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی صف بندی سے متعلق رابطہ کار کمیٹی کے ارکان رواں ماہ کی تین سے چھ تاریخ کے درمیان الحدیدہ کی بندرگاہ پر اقوام متحدہ کے جہاز تیسری مرتبہ پر اکٹھا ہوئے تھے۔اقوام متحدہ کی سربراہی میں قائم اس کمیٹی میں یمنی حکومت اور حوثیوں کے نمائندے شامل ہیں۔بیان کے مطابق تمام فریقوں نے بات چیت کے دوران فورسز کی متبادل نئی صف بندی اور انسانی راہ داریوں کے کھولے جانے کے حوالے سے متعلق معاملات کے حل کے واسطے تعمیری انداز میں مل جل کر کام کیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ فریقین ابتدائی تصفیے پر متفق ہو گئے ہیں اور اب وہ اپنی اپنی قیادت کے ساتھ مشاورت کریں گے۔کمیٹی کے سربراہ کو توقع ہے کہ آئندہ ہفتے ایک بار پھر کمیٹی کا اجلاس منعقد ہو گا۔ اس کا مقصد نئی صف بندی سے متعلق تفصیلات کو مکمل کرنا ہے۔ فریقین نے جنگ بندی کے حوالے سے اپنے طور پر بھرپور پاسداری کا اظہار کیا ہے۔