اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) پاکستان میں امریکی سفارتی مشن کے قائم مقام سفیر پال جونز نے کہا ہے کہ گزشتہ دس سال کے دوران پاکستان یو ایس المنائی نیٹ ورک (پی یو اے این) نے پاکستان اور امریکہ کے لوگوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لئے گراں قدر کوششیں سر انجام دی ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو پی یو اے این کے 52 نئے منتخب شدہ قائدین کیلئے منعقد ہونے والی دو روزہ تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پی یو اے این کے 52 نئے منتخب شدہ قائدین نے امریکہ اور پاکستان کے مابین تعلقات کو مضبوط کرنے کی اپنی رضا کارانہ کاوشوں کے نئے عہد کا آغاز کیا۔ پاکستان میں امریکی سفارتی مشن کے قائم مقام سفیر پال جونز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر اور گلگت۔بلتستان سمیت پاکستان بھر کی 13 علاقائی شاخوں سے تعلق رکھنے والے ان رضاکار قائدین کو مبارکباد پیش کی اور امریکہ۔پاکستان تعلقات میں ان کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سال کے دوران پی یو اے این نے پاکستان اور امریکہ کے لوگوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لئے گراں قدر کوششیں سر انجام دی ہیں جبکہ تنظیم کے ارکان نے ملک میں تعلیم اور خوشحالی کے لئے بھی لائق تحسین کام کیا ہے۔ امریکی حکومت کی مالی اعانت سے اندرون و بیرون ملک تبادلہ پروگراموں سے مستفید ہونے والے 29 ہزار سے زائد پاکستانی المنائی کے نمائندوں نے اسلا م آباد میں دو دن قیام کے دوران سماجی فلاح و بہبود کے نت نئے منصوبوں کی تیاری اور پاکستان اور امریکہ کے لوگوں کو آپس میں ملانے کے حوالے سے اپنے بہترین تجربات پر تباد لہ خیال کیا۔