وزیر اعظم عمران خان کا پاکستان سیٹیزن پورٹل کی شاندار کامیابی پراظہار اطمینان

102

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے شہریوں کے مسائل و شکایات کے فوری حل کے لئے وزیراعظم آفس میں فعال پاکستان سٹیزن پورٹل کی شاندار کامیابی پر اطمینان کااظہار کیا ہے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہاکہ مسائل کے حل کے لئے عوام سے براہ راست رابطے کے بندوبست نے وزیراعظم آفس میں قائم میرے ” شکایات سیل” کی زبردست کامیابی کی راہ ہموار کی ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ دبئی میں حالیہ موبائل ایپلیکیشنز کے مقابلے میں پاکستان سٹیزن پورٹل کو دنیا میں دوسری بہترین گورنمنٹ موبائل ایپ کا درجہ دیا گیا ہے۔ انڈونیشیاءنے پہلی جبکہ امریکا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ میں 87 ممالک سے مختلف کیٹیگریز کی 4646 ایپلیکشینز پیش کی گئیں۔ سیٹیزن پورٹل نے عوام سے 5 میں سے 4.5 کی درجہ بندی حاصل کی اور گوگل سرچ کیٹیگری میں 7 ویں نمبر پر رہی۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ پاکستان میں کسی سرکاری موبائل ایپلیکیشن نے یہ مرتبہ حاصل کیا ہے۔ یہ ایپلیکیشن صوبہ خیبر پختونخوا کی ایک ٹیم نے بلامعاوضہ ڈیزائن اور تیار کی۔ یہ 45 دن کی ریکارڈ مدت میں تیار کر کے گزشتہ برس 28 اکتوبرکو شروع کی گئی۔ اس پورٹل کے ذریعے عوام کی جانب سے 55 فیصد کی اطمینان بخش شرح کے ساتھ اب تک 4 لاکھ 20 ہزار میں سے 2 لاکھ 50 ہزار شکایات حل کی گئیں۔