
اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے زراعت کا فروغ کلیدی حیثیت رکھتا ہے، سیاحت کا فروغ دور دراز علاقوں میں غربت کے خاتمے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو چیئرمین رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک شعیب سلطان خان کی جانب سے تفصیلی بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ رورل سپورٹ پروگرام دیہی علاقوں میں غربت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس پروگرام کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جانا چاہیے، دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے زراعت کا فروغ کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ان علاقوں کی خواتین کو ہر شعبے میں آگے لانا ہو گا۔ دیہی علاقوں میں حفظان صحت اور خواتین کے حقوق کے متعلق آگاہی کے لئے بھی کام کیا جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سیاحت کا فروغ دور دراز علاقوں میں غربت کے خاتمے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے، رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک اور بی آئی ایس پی کو باہمی تعاون سے غربت کے خاتمے کے لئے کام کرنا چاہیے، متعلقہ وزارتوں کے تعاون سے صحت اور تعلیم کے منصوبوں کا بھی اجراءکیا جائے۔