برطانیہ نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں’سفارتکاری کا فن‘ سے متعلق مفت آن لائن تربیتی کورس کا آغاز کر دیا

117

اسلام آباد ۔ 14 فروری (اے پی پی)برطانیہ نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں’سفارتکاری کا فن‘ سے متعلق مفت آن لائن تربیتی کورس کا آغاز کر دیا۔ جمعرات کو برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کورس کے اجراءکے موقع پر کہا ہے کہ ”اکیسویں صدی میں سفارتکاری“ برطانیہ کے خارجہ و دولت مشترکہ آفس کی جانب سے اپنی نوعیت کا پہلا کورس ہے، جو سفارتکاری کے خواہشمند، اکیڈیمکس اور سفارتکاری میں دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے وضع کیا گیا ہے۔کورس میں سفارتکاری اور بین الاقوامی کمیونیکشن کا احاطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ کورس برطانوی خارجہ و دولت مشترکہ دفتر اور برطانیہ کی سب سے بڑی اکیڈمک انسٹی ٹیوشن، اوپن یونیورسٹی کے ساتھ ملکر تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن کورس کا اجراءتعلیم، باہمی افہام و تفہیم اور سفارتکاری کے فن کو فروغ دینے سے متعلق ہمارے پختہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔ ”اکیسویں صدی میں سفارتکاری“ کے موضوع پر کورس میں سفارتکاری کی تھیوری، عملی سفارتکاری اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہائی کمیشنز میں برطانوی سفارتکاروں کے کردار پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔