اسلام آباد ۔ 14 فروری (اے پی پی) پاکستانی مادری زبانوں کا چوتھا ادبی میلہ 16 اور 17 فروری کو لوک ورثہ اسلام آباد میں منعقدکیا جا رہا ہے۔ یہ ادبی میلہ انڈس کلچرل فورم، لوک ورثہ‘ ایس پی او‘ فاو¿نڈیشن اوپن سوسائٹی انسٹی ٹیوٹ، ادارہ ثقافت سندھ اور سوسائٹی فار الٹرنیٹو میڈیا اینڈ ریسرچ کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ پروگرام کی تمام تفصیلات متعلقہ تنظیموں کی سربراہان کی جانب سے جمعرات کو منعقدہ پریس بریفنگ میں جاری کی گئیں۔ اس موقعے پر چئیرمین آئی سی ایف نیاز ندیم نے ایگیزیکٹوڈائیکٹر محترمہ شہیرا شاہد کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے میلہ منعقد کیا جارہا ہے۔ انڈس کلچرل فورم کے چیرپرسن نیاز ندیم نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس سال چوتھے ادبی میلے کو یونیسکو کےجانب سال 2019 کو زبانوں کے سال سے خاس طور پر مربوط رکھا گیا ہے۔ مادری زبانوں کے عالمی دن 21 فروری کی مناسبت سے منعقد ہونے والے اس دو دن کے میلے میں پاکستان کی لسانی اور ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنے کے لیے ملک بھر سے 15 زبانوں کے 100 سے زاِئد ادیب، شاعر ، محقق اور تنقید نگار شرکت کریں گے۔ اس سال آئی سی ایف گذشتہ تین سالوں میں پڑھے جانے والے مقالات، شاعری اور افسانوں کے مجموعے بھی پیش کررہا ہے۔ انہوں نے میلے کے مختلف خدوخال اور اس میں شامل مختلف پروگراموں کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مشاعرہ ، شام موسیقی ، مباحثوں، ادبی موضوعات، مادری زبانوں میں لکھی گئی کتابوں کی رونمائی اور کتابوں کی نمائش اس میلے کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھی، بلوچی، پشتو، براہوئی، سرائیکی، پنجابی اور دیگر زبانوں میں لکھی گئی کتابیں اور ان کی مختلف زبانوں میں تراجم کی نمائش بھی کی جائے گی۔ بچوں کے حوالے سے خصوصی سائنسی میلہ اور کہانی گوئی کی تفصیلات بتاتے ہوئے نیاز ندیم نے کہا کہ ہم پاکستان سائنس فاونڈیشن کے مشکور ہیں جو میلے میں بچوں کے لیے سائنسی اور تخلیقی سوچ کے لیے مختلف سرگرمیوں کا احتتام کرتے ہیں۔ چیف ایگزیکٹیو ایس پی او سلیم ملک نے کہا کہ ملک کی بہت سی زبانیں معدومی کے خطرے کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میلہ مادری زبانوں میں لکھی گئی تخلیقیات کو پیش کرنے کے لیے بہترین جگہ ہے جس سے زبانوں کی ترویج میں مدد ملے گی۔ فاو¿نڈیشن اوپن سوسائٹی انسٹی ٹیوٹ جو کہ اس تقریب کو منعقد کرنے کے لیے تعاون کررہا ہے کے نرگس سلطانہ نے کہا کہ ہم مادری زبانوں کو ان کے حقوق اور زبانوں کے ساتھ امتیاز کو کم کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میلہ مادری زبانوں میں تخلیقی اور تجریدی سوچ کو پروان چڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا اور مادری زبانوں کی پزیرائی کے لیے اس کے مثبت ثمرات سامنے آئیں گے۔ جرمن آرگنائزیشن ایف این ایف کے ڈائریکٹر محمد انوار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اپنی زبانوں ، اپنے ثقافتی ورثے کے لحاظ سے ایک عظیم ملک ہے اور اس ثقافتی ورثے اور زبانوں کا بقا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔سوسائٹی فار الٹرنیٹو میڈیا اینڈ ریسرچ سوسائٹی فار الٹرنیٹو میڈیا اینڈ ریسرچ کے سربراہ مظہر عارف نے کہا کہ یہ ان کے ادارے کے منشور میں شامل ہے کہ مادری زبانوں میں تخلیقی سوچ کو پروان چڑھایا جائے اور چونکہ سمر لوگوں کے حق اظہار پر یقین رکھتا ہے اس لیے پہلے سال سے میلے میں بھرپور شرکت کررہا ہے ۔دو روزہ میلے کی افتتاحی تقریب 16 فروری صبح 11 بجے لوک ورثہ واِئٹ ہال میں ہوگی۔یونیسکو کی اعلان کردہ اعلامیے کے مطابق 21 فروری کو زبانوں کا عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس سال یونیسکو نے سال2019 کو زبانوں کے سال کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔