بحثیت سپیکر قومی اسمبلی وہ اس ذمہ داری کو غیر جانبداری سے سر انجام دے رہے ہیں، ترجمان قومی اسمبلی

96

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی) قومی اسمبلی کے ترجمان نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پورے ایوان کے کسٹوڈین ہیں۔ آئین ،قانون اور پارلیمانی روایات کی پاسداری اور ان پر عمل پیرا ہونا ان کی اولین ذمہ داری ہے اور بحثیت سپیکر قومی اسمبلی وہ اس ذمہ داری کو غیر جانبداری سے سر انجام دے رہے ہیں۔ اس ضمن میں وہ ایوان میں موجود حکومتی اور اپوزیشن اراکین سے ایوان کو اس کی اصل روح کے مطابق چلانے کے لیے ناصرف ان سے مشاورت کرتے ہیں بلکہ انہیں ایوان کے ماحول کو خوشگوار رکھنے کے لیے انہیں ان سب کا تعاون بھی درکا ررہتا ہے۔ تر جمان نے مزید کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی بننے سے قبل وہ خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے سپیکر کے طور پر بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں اور اس دوران بھی آئین ،قانون اور پارلیمانی روایات کی پاسداری ان کی اولین ترجیح رہی۔ترجمان نے کہا کہ اسد قیصر کا صوبائی اسمبلی اور قومی اسمبلی کا سپیکر بننا پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کا ان کی صلاحتیوں پر اعتماد کا مظہر ہے جس بنا پر قیادت نے ان کو یہ ذمہ داری سونپی۔ترجمان کا کہناہے کہ بحثیت سیاسی کارکن ان کی پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سے ایک طویل رفاقت ہے اور اسی رفاقت کی بنا پر اس دوران پارٹی کے صوبائی صدر بننے سمیت انہیں جو بھی ذمہ داری دی گئی اس کو بلاخوف اور میرٹ کی بنا پر نبھا یا۔ سپیکر بننے سے قبل پارٹی قیادت نے ان کی جماعتی وابستگیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہیں جو بھی ذمہ داری سونپی اس میں کسی قسم کے شک و شبہ کی گنجائش نہیں۔