سعودی ولی عہد نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ دورے پرکل اتوار کو پاکستان پہنچیں گے

83

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی)سعودی ولی عہد نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر اتوار 17 فروری کو پاکستان پہنچیں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس سے قبل سعودی ولی عہد نے دو روزہ دورے پر ہفتہ 16 فروری کو پہنچنا تھا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے ایک بیان کے مطابق سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ وہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی ہو گا جس میں سعودی شاہی خاندان کے ارکان، اہم وزراءاور سعودی عرب کے نامور تاجر شامل ہیں۔ پاکستان کے دورے کے موقع پر سعودی ولی عہد صدر مملکت، وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس موقع پر سینیٹ آف پاکستان کا ایک وفد بھی سعودی ولی عہد سے ملاقات کرے گا جس میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کے فروغ کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔ سعودی ولی عہد کے پاکستان میں قیام کے دوران سعودی عرب کی جانب سے مختلف شعبوں سے متعلقہ کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہونگے جن میں سرمایہ کاری، خزانہ، توانائی، قابل تجدید توانائی، داخلی سلامتی، ذرائع ابلاغ، ثقافت اور کھیلوں کے شعبے شامل ہیں۔