گپٹل کی شاندار سنچری، نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو دوسرے ون دے انٹرنیشنل میچ میں 8 وکٹوں سے ہرا دیا

86
Bangladesh vs New Zealand
New Zealand and Bangladesh

کرائسٹ چرچ۔ 16فروری(اے پی پی)مارٹن گپٹل کی شاندار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، میزبان ٹیم نے 227 رنز کا ہدف 37ویں اوور میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، گپٹل نے 118 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، کپتان کین ولیمسن 65 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، محمد متھن کی نصف سنچری رائیگاں گئی، گپٹل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہفتہ کو کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو باﺅلرز نے عمدہ لائن و لینتھ باﺅلنگ کا مظاہرہ کر کے ان کے فیصلے کو درست ثابت کے دکھایا، بنگلہ دیشی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.4 اوورز میں 226 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہنری نے دونوں اوپنرز کو آﺅٹ کر کے حریف ٹیم پر دباﺅ بڑھا دیا جس کی وجہ سے بنگال ٹائیگرز بڑا مجموعہ ترتیب نہ دے سکے، محمد متھن 57 رنز بنا کر نمایاں رہے، تمیم اقبال 5، لٹن داس 1، سومیا سرکار 22، مشفق الرحیم 24، محموداللہ 7، صابر رحمان 43، مہدی حسن میراز 16 محمد سیف الدین 10 اور کپتان مشرفی مرتضیٰ 13 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، مستفیض الرحمان 5 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، لوکی فرگوسن نے 3، ٹوڈ ایسٹل اور جیمی نیشم نے 2، 2 میٹ ہنری، ٹرینٹ بولٹ اور کولن ڈی گرینڈ ہوم نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں میزبان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 36.1 اوورز میں 2 وکٹوں پر پورا کیا، گپٹل نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کی خوب درگت بنائی اور 4 چھکوں کی مدد سے 118 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، ہنری نیکولز 14 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، کپتان کین ولیمسن 65 اور روز ٹیلر 21 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، مستفیض الرحمان نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔