پی ایس ایل فور، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی

72

دبئی ۔ 17 فروری (اے پی پی) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 158 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، شین واٹسن نے 81 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، عمر اکمل 44 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، سہیل تنویر نے 4 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، واٹسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اتوار کو دبئی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے قائد سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے، اسلام آباد کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 8 کے سکور پر اس کے 3 کھلاڑی آئوٹ ہو گئے تھے، لیوک رونکی اور شاداب خان بغیر کوئی رن بنائے اور رضوان حسین 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ڈیلپورٹ اور حسین طلعت نے مل کر سکور 58 تک پہنچایا، یہاں پر فواد احمد کو ڈیلپورٹ کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، انہوں نے 19 رنز بنائے، حسین طلعت بھی نمایاں اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 30 رنز بنا کر فواد احمد کی گیند پر بولڈ ہو گئے، فہیم اشرف ایک رن بنا کر چلتے بنے، انہیں بھی فواد نے اپنا شکار بنایا، آصف علی نے ویان پارنیل کے ساتھ مل کر سکور 117 تک پہنچایا، اس موقع پر آصف علی 36 رنز بنانے کے بعد سہیل تنویر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، 144 کے سکور پر اسلام آباد کی آٹھویں وکٹ گری جب پارنیل جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 41 رنز بنانے کے بعد سہیل تنویر کی گیند کا نشانہ بن گئے، سامت پٹیل 15 اور کپتان محمد سمیع 2 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، سہیل تنویر نے 4، فواد احمد نے 3 اور محمد نواز نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں پر پورا کیا، 7 کے سکور پر کوئٹہ کو احمد شہزاد کا نقصان اٹھانا پڑا جو 2 رنز بنا کر پٹیل کی گیند پر بولڈ ہو گئے، ریلی روسو 10 رنز بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر عمر اکمل نے واٹسن کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے مل کر سکور 94 تک پہنچایا، اس موقع پر ڈیلپورٹ نے عمر اکمل کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 44 رنز بنائے لیکن واٹسن ایک اینڈ پر ڈٹے رہے، انہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ میں 67ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، واٹسن 81 اور سرفراز 15 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ پٹیل، رومان رئیس اور ڈیلپورٹ نے ایک، ایک وکٹ لی۔