اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کاکامیاب دورہ پاکستان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی کامیاب اور متحرک سفارتی حکمت عملی کا ثمر ہے۔ پیر کو مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کامیاب دورہ پاکستان مکمل ہونے پر وزیراعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ سے سعودی۔پاک تعلقات میں ایک گرمجوش دور کا نکتہ آغاز ہے، سعودی ولی عہد کے دورہ اور سرمایہ کاری سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اہم اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کا خواب پورا ہوتا نظر آ رہا ہے۔ عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پاکستان نہ صرف معاشی بحرانوں کی دلدل سے نکلے گا بلکہ ترقی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھے گا۔