اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی)رواں سال کے پہلے ماہ جنوری 2019ءمیں پاکستان میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری 2.56 فیصد اضافہ کے ساتھ 13 کروڑ 22 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔ گزشتہ سال کے پہلے ماہ غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 12 کروڑ 89 لاکھ ڈالر تھا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال 2018-19ءکے پہلے سات ماہ کے دوران غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری میں اوسط نمو منفی رہی اور اس کا حجم 1.451 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ مختلف ممالک بشمول چین، امریکہ، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، ترکی، سویڈن، سعودی عرب، ہالینڈ، ہانگ کانگ اور جرمنی سے پاکستان میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم بالترتیب 819.6 ملین ڈالر، 151.4 ملین ڈالر، 112.3 ملین ڈالر، 55.8 ملین ڈالر، 42.3 ملین ڈالر، 6.2 ملین ڈالر، 4.8 ملین ڈالر، 57.3 ملین ڈالر، 25.5 ملین ڈالر اور 32 ملین ڈالر رہا۔ اس دوران تیل و گیس کے شعبہ میں 145.1 ملین ڈالر، کیمیکل کے شعبہ میں 83.5 ملین ڈالر، الیکٹریکل مشینری میں 126.4 ملین ڈالر جبکہ تعمیرات کے شعبہ میں 288.9 ملین ڈالر کی غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری ہوئی۔