قومی اسمبلی نے قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل کے لئے تحریک کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی

86

اسلام آباد ۔ 21 فروری (اے پی پی) قومی اسمبلی نے قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل کے لئے تحریک کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی۔ تحریک میں کہا گیا کہ یہ ایوان سپیکر قومی اسمبلی کو چیئرمین سینٹ اور پارلیمانی لیڈرز کی مشاورت سے قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل کا اختیار دیتا ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق امور زیر غور لائے جائیں گے، کمیٹی نیشنل ایکشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد اور مقدمات کی فوجی عدالتوں سے سول عدالتوں میں منتقلی کے حوالے سے قانونی اصلاحات کے عمل کی نگرانی کرے گی اور مقررہ مدت میں اپنی رپورٹس دونوں ایوانوں میں پیش کرے گی۔ سپیکر ضرورت کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے ارکان کے ناموں میں ردو بدل بھی کر سکتے ہیں۔ ایوان نے متفقہ طور پر تحریک کی منظوری دیدی۔