وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم سے چینی کونسل برائے بین الاقوامی تعاون، ماحولیات اور ترقی کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 21 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے جمعرات کو چینی کونسل برائے بین الاقوامی تعاون، ماحولیات اور ترقی (سی سی آئی سی ای ڈی) کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی (سی سی آئی سی ای ڈی) کے سینئر مشیر آرتھر جان حینسن اور مشترکہ ٹیم ڈائریکٹر آبان مارکر کمراجی نے کی۔ وفد میں چین کے محکمہ ماحولیات …

اسلام آباد ۔ 21 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے جمعرات کو چینی کونسل برائے بین الاقوامی تعاون، ماحولیات اور ترقی (سی سی آئی سی ای ڈی) کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی (سی سی آئی سی ای ڈی) کے سینئر مشیر آرتھر جان حینسن اور مشترکہ ٹیم ڈائریکٹر آبان مارکر کمراجی نے کی۔ وفد میں چین کے محکمہ ماحولیات سے تعلق رکھنے والے افسران بھی شامل تھے۔ ملک امین اسلم نے وفد کو وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مختلف پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومت پاکستان گوادر شہر کو زیرو کاربن ایمیشن سٹی بنا رہی ہے اور اس حوالہ سے گوادر شہر میں 10 ملین درخت کی شجرکاری، سولر سٹریٹ لائٹس، بجلی سے چلنے والی گاڑیاں اور بسیں جیسے پراجیکٹ زیر عمل ہیں۔ ملک امین اسلم نے بتایا کہ ماحولیاتی تحفظ کے حوالہ سے ہماری پالیسی واضح ہے اور ماحولیاتی تحفظ کےلئے ہم ہر ممکن قدم اٹھائیں گے، حکومت پاکستان نے چین سے ماحولیاتی تحفظ کے حوالہ سے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے ہیں جس کے تحت سیلاب کے پانی کا انتظام، ماحولیاتی تبدیلی کی روک تھام، جنگلی حیوانات کا تحفظ شامل ہے۔ ریچارج پاکستان پراجکیٹ کے حوالہ سے ملک امین اسلم نے بتایا کہ رام سار کنونشن کے تحت دریائے سندھ کے دائیں اور بائیں 14 مقامات ایسے ہیں جو بڑے پیمانے پر پانی ذخیرہ کرنے کیلئے موضوع ہیں جس سے ویٹ لینڈ علاقے بحال ہوں گے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ پاک چین تعلقات سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) سے کافی پہلے سے قائم ہیں اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو ( بی آر آئی) کے تحت سی پیک سب سے جدید اور عالمگیر پراجیکٹ ہے۔ وفد نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات کو سراہا اور چین میں ماحولیاتی تحفظ کے مختلف پراجیکٹس، چین کے نیشنل پارک کی توسیع کیلئے اٹھائے گئے طریقہ کار اور کرین وال جیسے پراجیکٹ کی تفصیلات بتائیں۔

Leave a Reply