وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار کی زیرصدارت سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد ۔ 21 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات اور شماریات ڈویژن مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کے شعبہ کی منظم ترقی کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلہ میں پائیدار ترقی کیلئے مربوط انرجی پلاننگ پر کام کر رہی ہے۔ وہ جمعرات کو پائیدار ترقی کیلئے مربوط انرجی پلاننگ کی دوسری سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے …

اسلام آباد ۔ 21 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات اور شماریات ڈویژن مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کے شعبہ کی منظم ترقی کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلہ میں پائیدار ترقی کیلئے مربوط انرجی پلاننگ پر کام کر رہی ہے۔ وہ جمعرات کو پائیدار ترقی کیلئے مربوط انرجی پلاننگ کی دوسری سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن، چیئرمین پرائم منسٹر ٹاسک فورس ندیم بابر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پاور شہزاد قاسم، یو ایس ایڈ پاکستان اور یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف انرجی کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک تھے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پلاننگ کمیشن اور یو ایس ایڈ پاکستان نے مربوط انرجی پلاننگ میں تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے تھے۔ اس معاہدے کے تحت ایک سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں مسلسل معاشی ترقی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ایک مربوط حکمت عملی مرتب کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں مربوط انرجی حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے ملک کا توانائی کا شعبہ اور معاشی ترقی متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اس سلسلہ میں بامعنی پالیسی سازی اور اس پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے اور اس ضمن میں توانائی پر ایک ٹاسک فورس بھی قائم کی ہے۔ مخدوم خسرو نے کہا کہ حکومت قابل تجدید توانائی پالیسی پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ موجودہ وسائل سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کی ٹیکنالوجیز کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے اور حکومت مستقبل کے قابل تجدید توانائی منصوبوں کیلئے ٹیرف کا تعین کرنے کیلئے مسابقتی بولی کی حوصلہ افزائی کرے گی جس سے فی میگاواٹ بجلی کی پیداوار میں کمی آئے گی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے یو ایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر جیری بسن نے کہا کہ یو ایس ایڈ مربوط انرجی پلاننگ کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ وفاقی وزیر نے چیئرمین پرائم منسٹر ٹاسک فورس برائے توانائی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پاور کو سٹیئرنگ کمیٹی میں شامل کرنے کی ہدایت دی۔

Leave a Reply