دنیا بھر میں روزانہ تقریباً 137 خواتین رشتہ داروں کے ہاتھوں قتل ہوتی ہیں، اقوام متحدہ

84

اسلام آباد ۔ 24 فروری (اے پی پی) دنیا بھر میں روزانہ تقریباً 137 خواتین رشتہ داروں کے ہاتھوں قتل ہوتی ہیں۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں ہر دن اپنے خاندان اور ساتھیوں کے ہاتھوں 137 خواتین قتل ہو جاتی ہیں۔ منشیات و جرائم کے کنٹرول سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارہ کی طرف سے حال ہی میں جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 87 ہزار خواتین قتل ہوتی ہیں اور ان میں سے لگ بھگ 50 ہزار خواتین اپنے خاندان کے افراد یا اپنے قریبی ساتھیوں کے ہاتھوں ہی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں۔ منشیات و جرائم سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر یوری فیدوتوف نے کہا ہے کہ دنیا میں قتل ہونے والے افراد میں زیادہ تر مرد ہیں تاہم صنفی عدم مساوات ، امتیازی اور منفی سماجی رویوں کی وجہ سے ایسے واقعات میں خواتین بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قتل ہونے والی زیادہ تر خواتین اپنے خاندان کے افراد یا اپنے ساتھی کے ہاتھوں اپنی جان گنوا رہی ہیں۔