اسلام آباد ۔ 28 فروری وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے ”گرانہ گروپ آف کمپنیز“ کے چیف ایگزیکٹو افسر شفیق اکبر اور ڈائریکٹر فرحان جاوید نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ملک امین اسلم نے کہا کہ غیر معمولی نتائج حاصل کرنے کیلئے غیر معمولی اقدامات اٹھانے پڑتے ہیں اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے پاکستان تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی پائلٹ پراجیکٹ کامیاب رہا اور اب اسے پورے پاکستان میں 10 بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے نام سے توسیع دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ کی کامیابی کے اثرات امریکہ کے خلائی ادارے ناسا کی رپورٹ اور تصاویر سے ظاہر ہوئے ہیں۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ ناسا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا میں تیزی سے سرسبز ہونے والا ملک ہے اور یہ ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ پاکستان کی کاوشوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماحولیاتی تحفظ کے حوالہ سے ہر بین الاقوامی، علاقائی، سرکاری اور نجی اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ گرانہ گروپ آف کمپنیز کے وفد نے ملک امین اسلم کو کمپنی کے مقاصد سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کمپنی کے افسران بیرون ملک سے سول انجینئرنگ کی فیلڈ میں اعلیٰ تربیت یافتہ ہیں اور پاکستان میں جدید اور ماحول دوست عمارات کی تعمیر کے خواہاں ہیں اور اس طرح کی عمارات کے مسائل چین اور سنگاپور میں پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہماری خواہش ہے کہ 10 بلین ٹری سونامی میں بھرپور حصہ لیں اور شہری فضائی آلودگی کی روک تھام کیلئے ورٹیکل پلانٹیشن کو فروغ دیں جو وقت کی اشد ضرورت ہے جس سے آلودگی میں بھی کمی اور ذہنی سکون بھی ملتا ہے۔