بین الاقوامی برادری پاک بھارت کشیدگی کا خاتمہ چاہتی ہے، ملیحہ لودھی

91

اقوام متحدہ ۔ یکم مارچ(اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری پاک بھارت کشیدگی کا خاتمہ چاہتی ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دفتر سے منسلک سفارتکاروں اور بالخصوص سلامتی کونسل کے مستقل اراکین سمیت دیگر سفارتی برادری کو پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت اور اس سے پیدا ہونے والی مسلسل کشیدہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے امن کے پیغام کے طور پر گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہاکرنے کے اعلان کے باوجود بھارت کشیدگی میں کی کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کی کشیدگی ختم کرنے کی ذمہ داری اب بھارت پر ہے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش کی چیف آف سٹاف ماریا لوزا ریبیرو ووٹی سے بعد اے پی پی سے ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایاکہ سیکرٹری جنرل کے آفس کے حکام سے متعدد بار ملاقات کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب پاکستان توقع کرتا ہے کہ اب بھرت بھی ہمارے امن پیغام کا مثبت جواب دے گا اور باہمی تنازعات کے حل کے لئے مذاکرات کے لئے تیار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقع کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے تعاون، بھارتی پائلٹ کی رہائی سمیت با مقصد مذاکرات کی متعدد بار دعوت دی گئی ہے لیکن اس کے باوجود صورتحال کی کشدگی کم نہیں ہوئی اور بھارت نے اس حوالے سے ابھی تک کوئی مثبت اقدام نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سفارتی برادری سے ملاقاتوں میں کشیدگی کے خاتمہ کا مطالبہ کیا گیا ہے اور یہی پاکستان بھی چاہتا ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہاکہ یو این سفارتی مشنز کو دوست ممالک کی جانب سے کشیدگی کے خاتمہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا ہے لیکن ابھی تک بھارت فوجی کشیدگی کے خاتمہ کے لئے کوئی پیش رفت نہیں کرسکا۔ انہوں نے کہاکہ سلامتی کونسل کے مستقل اراکین سمیت برادر اسلامی ممالک کے سفارتکاروں سے رابطے کئے جا رہے ہیں اور ترکی نے پاکستانی موقف کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔