وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کی صحافیوں سے بات چیت

74

اسلام آباد ۔ یکم مارچ(اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہاہے کہ پاکستان اور دیگر رکن ممالک کو اعتماد میں لیے بغیر سشما سوراج کو او آئی سی اجلاس میں شرکت کی دعوت دینا افسوسناک ہے ،پاکستان کو دنیا میں تنہاءکرنے کی کوششوں میں مصروف مودی سرکار کو بین الاقوامی محاز پر جس حزیمت کا سامنا کرنا پڑا اس کی بڑی وجہ بھارتی جھوٹ کا پرچار ہے ،وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا حکم خطے میں قیام امن کی جانب بڑا قدم ہے۔ پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کا اظہار کرکے ثابت کیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے گذشتہ روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ بھارت کی طرف سے پاکستان کی سرحدی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا گیا تاھم پاکستان کی مدبرانہ قیادت نے معاملے کوطول نہیں دیا اور دانشمندی اور زندہ دلی کا مظاہرہ کیا۔وزیرا عظم عمران خان نے خیر سگالی کے جذبہ کے تحت بھارتی پائلٹ کی رہائی کا حکم دے کر انتہائی دور اندیشی کا فیصلہ کیا جو کہ خطے میں امن کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہو گا۔ وزیر پٹرولیم نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے حکم کو پاکستان کی اخلاقی فتح قرار دیتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کے اس فیصلے کو دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہاہے اور عالمی میڈیا وزیر اعظم پاکستان کو امن کا سفیر کا اعزاز دے رہاہے۔ دوسری جانب بھارتی حلقے اس اقدام کو غیر متوقع مگر مثبت قرار دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ غلام سرور خان نے کہاکہ پاکستانی قیادت کی بہترین حکمت عملی کی بدولت جنگی محاز کے ساتھ ساتھ سفارتی محاز پر بھی پاکستان کو تاریخی کامیابی ملی ہے اور پاکستان نے موثر انداز میں اپنا موقف دنیاکے سامنے پیش کیا اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جس کی بدولت گذشتہ 70دہائیوں سے کشمیر کے حل طلب مسئلہ کے پر امن حل کی راہ ہموار ہوتی نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکومت پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ پاکستان نہ تو پلوامہ حملے میں ملوث تھا اور نہ ہی پاکستان کی سرزمین پر کسی دہشت گرد تنظیم کا کوئی وجود ہے۔