وزیراعظم محمد نواز شریف کا داخلی سلامتی کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد بارے اجلاس سے خطاب

140

اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کو وفاقی ایجنسیوں کے ذریعے موثر رابطے اور خفیہ معلومات کے تبادلے سے انسداد دہشتگردی کے بارے میں سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بات پیر کو داخلی سلامتی کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے بارے میں وزیراعظم ہاﺅس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان کے مختلف پہلوﺅں کے بارے میں تفصیلی غوروخوص کیا گیا۔ جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر اور ڈی جی انٹیلی جنس بیورو آفتاب سلطان نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب کے فوائد اور اب تک ہونے والی پیش رفت کو قومی عزم کی بھرپور تائید کے ساتھ وفاقی اور صوبائی سطحوں پر رابطے کے ذریعے تقویت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک درست سمت میں گامزن ہے اور ہر شہری ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے ثمرات سے مستفید ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر نسل اور مذہب کے لئے پاکستان کو محفوظ بنائیں گے۔ وزیراعظم نے ملک میں امن و سلامتی برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔