مظفرآباد۔ 3 مارچ (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے اتوار کے روز ایوان صدر مظفرآباد میں لائن آف کنٹرول پر جاری مسلسل بھارتی فائرنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا اور بھارتی گولہ بھاری سے متاثر ہونے والے شہریوں کے لیے حکومت آزاد کشمیر کے مختلف اداروں اور نیم حکومتی تنظیموں کی طرف سے ریلیف اور بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزاد کشمیر سردار محمود خان نے صدر آزاد کشمیر کو اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اور سیکرٹری اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی شاہد محی الدین نے بتایا کہ ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے رضا کاروں کی ٹیموں نے ابتدائی طبی امداد اور ریلیف کا سامان متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ کر دیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ریڈ کریسنٹ کے رضا کار لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کو خون کی فراہمی کا بھی ہنگامی بنیاد پر بندوبست کر رہے ہیں۔