صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کی لکسمبرگ کے نامزد سفیر سے ملاقات میں گفتگو

86
APP18-04 ISLAMABAD: March 04 - Ambassador-designate of Luxembourg, Marc Hubsch presenting his credentials to President Dr Arif Alvi at the Aiwan-e-Sadr. APP

اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور لکسمبرگ کے درمیان باہمی احترام وتعاون پرمبنی دوستانہ تعلقات استوار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کویہاں پاکستان میں لکسمبرگ کے نامزد سفیر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ پاکستان میں لکسمبرگ کے نامزد سفیر مارک ہوباک نے ایوان صدرمیں منعقدہ تقریب میں صدرمملکت کو اپنے سفارتی اسناد پیش کئے۔ بعدازاں انہوں نے صدرمملکت سے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان اور لکسمبرگ کے درمیان باہمی احترام وتعاون پرمبنی دوستانہ تعلقات استوار ہیں، ضرورت اس امرکی ہے کہ دونوں ممالک کے تاجروں اورسرمایہ کاروں کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے ذریعے دوطرفہ تجارت میں اضافہ کیلئے نئی راہیں تلاش کی جائے۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان کی حکومت نے سرمایہ کاری دوست پالیسیاں متعارف کرائی ہیں، سرمایہ کاری پر ٹیکسوں میں رعایت جبکہ سرمایہ کاری سے حاصل منافع کی واپسی میں بھی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، ان اقدامات کی وجہ سے پاکستان براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کیلئے ایک اہم اور پرکشش مرکز بن رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک اہم اقتصادی مرکز کے طورپر لکسمبرگ ان مواقع سے استفادہ کرسکتا ہے۔ ڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ فیکلٹی، محققین، موسیقاروں، فن کاروں ، ثقافتی طائفوں اور پاکستان میں فروغ پذید فیش انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے تبادلوں میں اضافہ کے ذریعے پاکستان اور لکسمبرگ کے درمیان ثقاقت اور تعلیم کے شعبوں میں وسیع تر استعدادکارسے استفادہ کرنا چاہئیے۔ صدر مملکت نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پردونوں ممالک کے درمیان تعاون کی موجودہ سطح پراطمینان کا اظہارکیا۔ انہوں نے لکسمبرگ کی تکثریت کیلئے عزم اور یورپ اورنیٹو سے متعلق امور میں لکسمبرگ کے کردار کوسراہا۔ لکسمبرگ کے سفیر نے صدر مملکت کا شکریہ اداکیا اورآنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مزید اضافہ کی امید ظاہرکی۔