اسلام آباد ۔ 08 مارچ (اے پی پی)سماجی شعبہ کے 20 مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے چین ایک ارب ڈالر کی گرانٹ فراہم کرے گا۔ سوشل سیکٹر کے یہ منصوبے چاروں صوبوں بشمول آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایک سال کے دوران مکمل کئے جائیں گے۔ وزارت منصوبہ بندی کے حکام نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ( سی پیک) کے تحت سماجی شعبہ کی ترقی کے مختلف منصوبے طویل المدتی پالیسی کا حصہ تھے تاہم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی خواہش پر چین نے سماجی شعبہ کی ترقی اور غربت کے خاتمہ کے 20 مختلف منصوبہ جات کو ایک سال میں مکمل کرنے پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے ایک ارب ڈالر کی گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ ان منصوبوں میں تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت سماجی شعبہ کی ترقی کے مختلف منصوبے شامل ہیں۔