چین کے سفیر ژاﺅ جنگ کی سیکریٹری منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات ظفر حسن سے ملاقات

102

اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) چین کے سفیر ژاﺅ جنگ نے سیکریٹری منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات ظفر حسن سے منگل کو ملاقات کی جس میں سی پیک منصوبوں پر جاری پیشرفت اور وزیراعظم عمران خانکے آئندہ ماہ دورہ چین کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پراجیکٹ ڈائریکٹر حسان داﺅد نے بھی شرکت کی۔ ملاقات کے دوران فریقین نے سماجی و معاشی شعبہ میں رواں ماہ چینی ماہرین کے دورے کے تناظر میں نئے منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ اس شعبے میں پہلے سے منتخب چھ سیکٹرز بشمول صحت، تعلیم، فنی تربیت، زراعت، غربت کے خاتمے اور آب نوشی کے منصوبے تین سالوں میں پاکستان کے دور افتادہ و کم ترقی یافتہ علاقوں میں مکمل کئے جائیں گے، وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے موقع پر اس شعبہ کے منصوبوں کے حوالے سے پیش رفت متوقع ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن نے سی پیک صنعتی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے وژن کے مطابق اقتصادی زونز کا قیام یقینی بنایا جائے گا، پاکستان و چین کے مابین ایک جامع میکنزم تشکیل دیا جائے گا تاکہ اقتصادی زونز کی شروعات کی جاسکے۔ فریقین نے گوادر منصوبوں بشمول نئے ایئر پورٹ، ہسپتال، ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ اور سٹی ماسٹر پلان پر کام تیز کرنے سے اتفاق کیا۔ ان منصوبوں پر منصوبہ بندی کا کام کافی حد تک مکمل کیا جا چکا ہے، رواں سال کے وسط تک ان منصوبوں کاسنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ سیکرٹری منصوبہ بندی نے ایم ایل ون کی ڈیزائننگ کو حتمی شکل دینے پر زور دیا تاکہ اس کے مالی معاملات پر بات چیت کا آغاز کیا جائے۔ ملاقات کے دوران فریقین نے وزیراعظم عمران خان کے ماہ اپریل میں متوقع دورہ چین کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کیلئے روابط تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔