
اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ہادی سلمان پور نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میںاسلام آباد، تہران، استنبول (آئی ٹی آئی) کنٹیینر ٹرین بحالی پر بات چیت کی گئی اورتینوں ممالک کے درمیان رابطے فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان، ترکی ، ایران اور سینٹرل ایشیائی ممالک کے درمیان ریل نیٹ ورک بڑھانے پر ای سی او تنظیم تعاون کرے۔ بین الاقوامی شراکت داری سے پاکستان ریلوے آئندہ پانچ برسوں میں یکسر تبدیل ہو جائیگا۔ موجودہ سپیڈ کو ڈبل کر دیا جائیگا۔ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے پر ای سی او تعاون کرے۔ خطے کی ترقی ریل نیٹ ورک بڑھانے میں ہے۔ سیکرٹری جنرل ای سی او نے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مالی شراکت داری کے لئے ای سی او ترقیاتی بنک سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان ای سی او کا بنیادی رکن ہے اور اہم ترین شراکتدار ہے۔