حرمین شریفین پر قرارداد کی حمایت تو الگ بات ہے ہم میں سے ہر شخص ذاتی طور پر وہاں جاکر تحفظ کرنے کا خواہاں ہے، سپیکر سردار ایاز صادق

145

اسلام آباد ۔ 02 اگست(اے پی پی) قومی اسمبلی نے سعودی عرب کے تین شہروں میں 4 جولائی 2016ءکو ہونے والے دہشتگردی کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس ضمن میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان چار جولائی کو مدینہ منورہ اور سعودی عرب میں خودکش حملوں کی پرزور مذمت کرتا ہے جس میں چار بے گناہ افراد جاں بحق ہوئے، یہ ایوان متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔ یہ ایوان اس بات کا اظہار بھی کرتا ہے کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام مقدس سرزمین پر ان دہشتگردی کے حملوں پر تشویش میں مبتلا ہیں اور وہ اپنے سعودی بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ یہ ایوان ان حملوں میں جاں بحق ہونے والے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ یہ ہاﺅس عالمی برادری پر باالعموم اور مسلم دنیا پر باالخصوص زور دیتا ہے کہ وہ اس نازک مرحلہ میں انسانیت اور اسلامی دنیا کے ان دشمنوں کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ یہ ایوان دہشتگردی کی کسی بھی قسم کی مذمت کرتا ہے۔