ہر ٹرانسفارمر پر بجلی چوری پکڑنے والا میٹر نصب کریں گے، ہری پور میں بجلی وگیس کے منصوبوں کے جال بچھائیں گے، عمر ایوب

156

ہری پور۔ 18 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ہر ٹرانسفارمر پر بجلی چوری پکڑنے والا میٹر نصب کریں گے، بجلی کمی پوری کرنے کیلئے تاجکستان سے بجلی خریدنے کے ساتھ ساتھ اپنی پیداوار میں بھی اضافہ کریں گے، ہری پور میں بجلی وگیس کے منصوبوں کے جال بچھائیں گے۔ وہ پیر کو کھدو پنجو میں سابق ناظم سریا جاوید خان کی جانب سے منعقدہ جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین ڈیڈک رکن صوبائی اسمبلی ارشد ایوب خان بھی موجود تھے۔ قبل ازیں زرین، جاوید اقبال سریا اور دیگر نے بھی خطاب تقریب سے کیا اور منگ تا اسلام پور کھدو روڈ، سوکا پل کی تعمیر، کھدو پنجو کیلئے قبرستان کی زمین، گلیوں کی پختگی، بجلی اور کھمبے فراہم کرنے، کم وولٹیج کا مسئلہ حل کرنے، گرلز سکول کی اپ گریڈیشن اور منگ یونیورسٹی میں بھرتیوں میں کوئٹہ مختص کرنے اور آبنوشی سکیم کے مطالبات کئے۔ عمر ایوب خان نے تمام مطالبات پورے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہری پور میں ٹرانسفارمر و پول کی فراہمی اور نئے فیڈر و گرڈ سٹیشن کی تعمیر کر کے آئندہ پچاس سالوں کیلئے بجلی مسائل حل کریں گے، اسی طرح سروے مکمل کرنے کے بعد گیس فراہمی کی منظوری بھی حاصل کر لی ہے۔ نوردی سے منگ ترناوہ سے سراہدنہ اور نجف پور دارتیاں جبکہ دوڑ پار کلنجر تک گیس لیکر جائیں گے۔ بجلی چوری کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ ملک میں 8 لاکھ 60 ہزار ٹرانسفارمرز ہیں، ہر ٹرانسفارمر پر ایسا میٹر نصب کیا جائے گا جو بجلی چور کی نشاندہی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین این ایچ اے سے بات ہوئی ہے، چیچیاں سے پنیاں چوک تک اور جولیاں سے جنڈیال تک خان پور سڑک کی تکمیل اور پلیوں کی تعمیر کے علاوہ ریلوے پھاٹک پر اوور ہیڈ برج سمیت دیگر برجز بھی تعمیر کئے جائیں گے۔