آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان کا اوورسیز پاکستانیز انوسٹمنٹ کنونشن کے زیر اہتمام ”ٹورازم اور کشمیر“ کے موضوع پرکانفرنس سے خطاب

76

اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں آباد 90 لاکھ سے زیادہ پاکستانی اور کشمیری ملک میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے پاکستان اور آزاد کشمیر کی معاشی ترقی کو چار چاند لگا سکتے ہیں، آزاد کشمیر میں سیاحت، توانائی، معدنیات، بنیادی انفراسٹرکچر کی ترقی میں بیرونی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی مدد اور تعاون فراہم کرنے کےلئے آزادکشمیر کی حکومت پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیز انوسٹمنٹ کنونشن کے زیر اہتمام ٹورازم اور کشمیر کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز امور زلفی بخاری، ایم کیو ایم پاکستان کے سینیٹر میاں عتیق، اوورسیز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شفیق اکبر اور اوورسیز پاکستانیز انوسٹمنٹ کنونشن کے چیئرمین غلام مصطفی نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر اپنے خوبصورت پہاڑوں، دلکش نظاروں اور معتدل موسم کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے، آزاد علاقہ پرامن ہونے کے ساتھ ساتھ مہمان نوازی کی روایات اور قدیم کلچر کے باعث تفریحی سیاحت،ثقافتی سیاحت، مذہبی سیاحت اور مہم جوئی سیاحت کےلئے نہایت موزوں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ چند سالوں میں آزادکشمیر کی سیاحت کے لئے آنے والوں کی تعداد ڈیڑھ ملین تک جا پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت سیاحت کی ترقی اور فروغ کے لئے اس شعبے کو صنعت کا درجہ دینے پر غور کر رہی ہے جبکہ اس مقصد کے لئے تین سیاحتی راہداریوں کے ایک میگا منصوبے پر بھی جلد کام شروع ہو جائے گا جس کے تحت لائن آف کنٹرول سے دور ایسے متصل علاقوں کو ترقی دے کر سیاحوں کےلئے پر کشش بنایا جائے گا جہاں سیاح اپنے آپ کو مکمل طور پر محفوظ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے علاوہ آزادکشمیر میں انفراسٹرکچر کی ترقی، بینکنگ، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے جس کے لئے حکومت ہر قسم مدد فراہم کرنے کےلئے تیار ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں اور کشمیریوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی غالب تعداد اپنے پاﺅں پر کھڑی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے وسائل ملک کی ترقی اور خوشحالی کےلئے استعمال ہوں۔ ضرورت اس بات کی سمندر پار پاکستانیوں کو یہ یقین دلایا جائے کہ ان کا سرمایہ پاکستان میں نہ صرف محفوظ رہے گا بلکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کےلئے بھی استعمال ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے اڑہائی تین ملین لوگ بیرون ملک آباد ہیںجن میں سے 12 لاکھ صرف برطانیہ میں آباد ہیں جو ملک سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں اور ملک کی معاشی اور سماجی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں قائم بنک سیاحت کے شعبہ میں 15 فیصد سرمایہ کاری کرنے کےلئے تیار ہیں جبکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان بھی آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کےلئے دست تعاون بڑھانے کےلئے تیار ہے۔