
کراچی۔ 17 مارچ (اے پی پی) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2019ء کی چیمپیئن بن گئی۔ گلیڈی ایٹرز نے 139 رنز کا ہدف 17.5 اوورز میں مکمل کیا، پشاور زلمی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مین آف دی میچ محمد حسنین کی 3 وکٹوں اور احمد شہزاد کے ناقابل شکست 59 رنز کی اننگ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل میچ میں کامیابی سے ہمکنار کردیا جبکہ شین واٹسن کو بہترین بیٹس مین’ حسن علی کو بہترین بالر اور پولارڈ بہترین فیلڈر کا ایوارڈ دیا گیا’ پی ایس ایل فور کے فائنل میچ کے اختتام پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو وننگ ٹرافی دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تمام کھلاڑیوں نے وننگ ٹرافی کے ساتھ جیت کا جشن منایا۔ اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی اننگ کا آغاز انتہائی پراعتماد انداز میں کیا اور ابتدائی 8 اوورز میں 67 رنز بنائے اور ان کے 2 کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔ زلمی کے بالرز نے شین واٹسن کو مجموعی اسکور 19 رنز پر آئوٹ کرکے بڑی کامیابی حاصل کرلی تھی تاہم وہ فوری طور پر مزید کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے اور گلیڈی ایٹرز کا مجموعی اسکور جب 66 رنز پر پہنچا تو احسن علی کی وکٹ حاصل کرکے انہیں دوسری کامیابی حاصل ہوئی۔ احسن علی نے 18 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے تاہم اس وقت تک زلمی کے ہاتھوں سے میچ تقریباً نکل چکا تھا اور گلیڈی ایٹرز کو میچ جیتنے کے لئے 62 گیندوں پر 60 رنز درکار تھے جبکہ وکٹ پر احمد شہزاد اور رووسو موجود تھے۔ گلیڈی ایٹرز نے ابتدائی 10 اوورز میں 80 رنز بنائے اور اس کے 2 بیٹسمین آئوٹ ہوئے۔ گلیڈی ایٹرز نے اپنی اننگ کے 100 رنز 12.2 اوورز میں مکمل کئے۔ احمد شہزاد نے اپنی اننگ کی نصف سنچری 44 گیندوں پر ایک چھکا اور 6 چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔ احمد شہزاد دوسرے نمبر پر کھیلنے آئے تھے اور انہوں نے انتہائی ذمہ دارانہ اننگ کھیلی۔ احمد شہزاد اور رووسو نے مل کر گلیڈی ایٹرز کی اننگ کو کامیابی تک پہنچایا اور ان دونوں کی تیسری وکٹ کی پارٹنرشپ میں 61 گیندوں پر 73 رنز بنے۔ احمد شہزاد نے 52 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکا اور 6 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جبکہ رووسو نے 32 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکوں کی مدد سے39 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ گلیڈی ایٹرز نے 139 رنز کا ہدف 17.5 اوورز میں مکمل کر لیا۔ زلمی کے وہاب ریاض نے اپنے مقررہ 4 اوورز میں 19 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے اپنی اننگ کا آغاز بہت ہی محتاط انداز میں کیا اور 1.3 اوور میں اوپنرامام الحق4 گیندوں پر 3 رنز بناکر محمد حسین کی بال پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے جبکہ ان کے دوسرے اوپنر کمال اکمل بھی 3.6 اوور میں 15 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکا اور 3 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کی بال پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اس وقت زلمی کا محموعی اسکور 31 رنز تھا، جس کے بعد شعیب مقصود بھی 20 گیندوں پر 20 رنز بنانے کے بعد براوو کی بال پر روسو کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ زلمی کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور گلیڈی ایٹرز کے بالر میچ میں چھائے رہے۔ میچ کے ابتدائی 10 اوورز میں زلمی نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 67 رنز بنائے تھے۔ فائنل میچ کے اعتبار سے ابتدائی 10 اوورز میں زلمی کے رنز بنانے کی رفتار انتہائی کم رہی۔ جب مجموعی اسکور 90 رنز پر پہنچا تو زلمی کے اہم ترین بیٹسمین عمر امین انفرادی اسکور 38 رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی بال پر سہیل تنویر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے اپنی اننگ میں 2 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔ عمر کے آئوٹ ہونے کے بعد نبی گل اور پولارڈ متاثر کن اننگ کھیلے بغیر آئوٹ ہوکر واپس پویلین چلے گئے۔ اس موقع پر کپتان ڈرین سیمی اور وہاب ریاض نے اسکور میں قدرے بہتر اضافہ کرتے ہوئے 19 اوورز میں 135 رنز بنائے اور اننگ کے آخری یعنی 20 ویں اوور میں صرف 3 رنز بنائے۔ ڈرین سیمی نے آخری اوور میں خود کھیلنے کو ترجیح دی جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا اور 19.5 اوور میں ڈرین سیمی کے رن نہ لینے کی وجہ سے وہاب ریاض کو بیٹنگ اینڈ سے واپس نان اسٹرائیکر اینڈ پر جانا پڑا لیکن وہ پہنچ نہیں سکے اور محمد نواز کی تھرو پر رن آئوٹ گئے جس کے بعد سیمی بھی شاٹ کھیلتے ہوئے براوو کی گیند پر بونڈری لائن پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ ڈیرن سیمی نے اپنی اننگ میں 16 گیندوں پر 18 رنز بنائے جبکہ وہاب ریاض 12 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ پشاور زلمی نے اپنی اننگ میں کل 13 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ اس طرح زلمی نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے اور گلیڈی ایٹرز کو میچ جیتنے کے لئے 139 رنز کا ہدف دیا۔ گلیڈی ایٹرز کے بالر محمد حسنین نے 30 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ براوو نے2 وکٹیں لیں۔ پشاور زلمی کی ٹیم میں امام الحق، وکٹ کیپر کامران اکمل، شعیب مقصود، عمرامین، بنی گل، کیرون پلارڈ، کپتان ڈرین سیمی، کرس جورڈن، وہاب ریاض، حسن علی اور تائیمن ملز شامل ہیں جبکہ عثمان خالد بارھویں کھلاڑی تھے۔ اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد، احسن علی، عمر اکمل، شین واٹسن، ریلی رئوسو، محمد نواز، ڈیون برائوو، محمد حسنین، سہیل تنویر، احمد شہزاد اور فواد احمد شامل ہیں جبکہ انور علی نے بارہویں کھلاڑی کے فرائض انجام دیئے۔ امپائرنگ کے فرائض رینمور مارٹینز اور احسن رضا نے انجام دییے جبکہ شوزیب رضا ٹی وی امپائر تھے۔