
لاہور۔18 مارچ(اے پی پی ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 30 مارچ کو وزیراعظم عمران خان لاہور ریلوے سٹیشن سے جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے تافتان کوئٹہ 700 کلومیٹر سٹینڈرڈ گیج پر نیا ٹریک ڈالا جائے گا جس پر کم از کم 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹرین چلے گی درگئی سے نوشہرہ اور نوشہرہ سے کراچی لنک شروع کر رہے ہیں جس کی آئندہ ہفتے ٹرائل پر مانیٹرنگ کروں گا مسترد شدہ 69 چینی انجنوں میں سے 5 کو پائلٹ پروجیکٹ کے تحت رسالپور میں ٹھیک کر رہے ہیں جبکہ 5 لوکوموٹیو کو ایل این جی پر ٹرانسفر کیا جا رہا ہے جس کی کامیابی کے بعد آئل کی مد میں 18 ارب روپے کے اخراجات کم ہو کر 9 سے 10 ارب رہ جائیں گے وہ پیر کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے آفتاب اکبر سمیت دیگر ریلوے افسران بھی موجود تھے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ 30 مارچ کو لاہور ریلوے سٹیشن سے وزیراعظم جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے جو 2:45 پر لاہور ریلوے سٹیشن سے چلے گی جبکہ 3 بجے کینٹ ریلوے سٹیشن سے روانہ ہو گی اس کا کرایہ 7000 روپے اور اس میں بیڈ فوڈ اور صفائی کی سہولت ہو گی انہوں نے کہا کہ ڈی ای ایم یو شٹل ٹرین چلانے جا رہے ہیں جو لاہور فیصل آباد ملتان سکھر کراچی حیدر آباد اور راولپنڈی کے درمیان شٹلنگ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے ایک نائٹ ٹرین چلائیں گے جو ان سٹیشنوں پر بھی رکے گی جہاں پر ٹرینیں پہلے نہیں رکتی تھیں اور جس سٹیشن سے 25 مسافر بھی ملے اس سٹیشن کو چلائیں گے انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کانوں میں ہیڈ فون لگا کر ٹریک پر گھومنے سے گریز کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 20 پہلے ٹرینیں چلائیں اور اب 20 مزید ٹرینیں چلانے جا رہے ہیں جبکہ فریٹ ٹرینوں کی تعداد بھی 8 سے بڑھ کر 14 ہو گئی ہے اسی طرح چار فریٹ ٹرینیں نجی شعبہ کو دے دی گئی ہیں جن سے ہم صرف ٹریک کے پیسے وصول کریں گے انہوںنے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کو پیشکش کی ہے کہ وہ اپنا رولنگ سٹاک لے آئیں پاکستان ریلوے ان کو اپنا خالی وقت میں ٹریک فراہم کرے گا شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے میں ریسرچ اور پلاننگ سیل بنا دیا گیا ہے کیونکہ ریلوے میں پہلے نہ کوئی ریسرچ تھی اور نہ ہی پلاننگ انہوںنے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے پہلے ہی ہمالیہ سے بلند تعلقات قائم ہیں اب ہم تعلقات کا دائرہ ترکی ایران اور کوریا تک بھی پھیلا رہے ہیں سی پیک کے بعد سنٹرل ایشیاء میں ریل کا جال بچھے گا اور ہم پاکستان میں بھی ریل کا جال بچھا دیں گے انہوں نے کہا کہ27 اپریل کو وزیراعظم چین کا دورہ کر رہے ہیں امید ہے کہ اس میں ایم ایل ون پر دستخط ہوں گے اور اس سے پہلے ہم یہ فیصلہ کر لیں گے کہ پہلے مرحلے میں ایم ایل ون کا کونسا حصہ مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ٹرین کے ٹریک کو بدلنے کیلئے میرٹ پر ٹینڈر لگا دیئے گئے ہیں ہم وہ لائینیں بھی کھولیں گے جو 70 سال سے بند پڑی ہیں وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ریلوے کے جو بھی پانچ سے دس سالوں میں پروجیکٹس ہوں گے ان کیلئے کنٹریکٹ پر ایک لاکھ لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اس وقت ریلوے کے پاس ایک بھی پیسنجر یا فریٹ ٹرین خالی نہیں ایمرجنسی کے دنوں میںبھی ریلوے نے تمام رولنگ سٹاک کو ٹریک پر رکھا وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے کی آمدنی پسنجر سیکشن میں 25 سے 30 فیصد بڑھی اور ہم 4 ارب روپے گزشتہ سال کی نسبت زیادہ کما رہے ہیں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے گزشتہ پانچ ماہ میں ایک روپیہ کی بھی امپورٹ نہیں کی ایک مرلہ زمین بیچی نہ ہی ایک مرلہ زمین لیز پر دی آئندہ 15 روز میں ٹرینوں میں نصب ٹریکر انجن کے فیول کا بھی بتائیں گے ایک اور سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے ڈیڑھ لاکھ پنشنرز کا مسئلہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے ہم چاہتے ہیں کہ ان کو متبادل سہولت دی جائے تاکہ ریلوے کو مالی بحران سے نکالا جائے۔قبل ازیں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں ایرانی ریل کے وفد نے ملاقات کی وزیر ریلوے نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے دونوں ممالک کی اکانومی کا ایک حصہ ریل پر انحصار کرتا ہے ہم چاہتے ہیں کہ ٹریک اپ گریڈ کر کے فاصلے کو کم کیا جائے۔