وزیرمملکت برائے محصولات حماد اظہر کی لاہور چیمبرآف کامرس کے عہدیداران سے گفتگو

82

لاہور۔18 مارچ(اے پی پی )وزیرمملکت برائے محصولات حماد اظہر نے کہا ہے کہ ٹیکسوں کی شرح میں اضافے کیخلاف ہیں، ان ڈائریکٹ ٹیکس لگا کر عام آدمی پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے، ایف بی آر کے اختیارات پر نظرثانی کر رہے ہیں، ٹیکس کی شرح بڑھانے کی بجائے ٹیکس نیٹ میں اضافے کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے۔وزیر مملکت نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبرآف کامرس کے دورہ کے موقع پر عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حماد اظہر نے ایف بی آر کے چھاپوں کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے تحفظات دور کرتے ہوئے کہاکہ وہ چھاپوں اور گرفتاریوں کیخلاف ہیں۔انہوں نے کہا کہ 31مارچ تک ایف بی آرحکام چھاپے نہیں مارینگے،اس حوالے سے بزنس کمیونٹی کیساتھ مل کر معاملات طے کر رہے ہیں ،انہوںنے کہا کہ پاکستان کے ٹیکس سسٹم کو آسان بنانے کی ضرورت ہے۔وزیرمملکت نے کہا کہ افغانستان اور ایران سے پاکستان میں سمگلنگ کی شرح بڑ ھ گئی ہے، سرحد پر باڑ لگنے سے اس میں کمی آئیگی،انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے اختیارات پر نظرثانی کررہے ہیںِ ہر حکومت نے ریونیو میں اضافے کیلئے ان ڈائریکٹ ٹیکس لگائے ،ہم ان ڈائریکٹ ٹیکس لگا کر عام آدمی پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ نہیں ڈال سکتے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ان ڈائریکٹ ٹیکسوں کی شر ح خطے کے دیگر ممالک سے زیادہ ہے ۔حماد اظہر نے کہاکہ محصولات اور حکومت کی آمدن میں اضافے کیلئے ہم ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے نادرا، سٹیٹ بنک، ایف آئی اے کیساتھ مل کر کام کر رہے ہیں جوآئندہ ماہ میں مکمل ہوجائیگا،انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کے تجزیے کے دوران ایک لاکھ 49ہزار ایسے اکائونٹس کا پتہ چلا ہے،جن میں بھاری رقوم موجود ہیں لیکن بظاہر اکائونٹ ہولڈر کا کوئی بزنس نہیں ہے۔لاہورچیمبرآف کامرس کے صدر الماس حیدر نے کہا کہ31 مارچ تک ٹیکس گزاروں کو موقع دیا گیا ہے لیکن اسے مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے بزنس کمیونٹی کی مشاور ت سے پالیسی بنائی جائے۔انہوں نے بتایا کہ کاروباری طبقہ ملکی ریونیو کا 99 فیصد سے زائد ٹیکس ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ جی ڈی پی کا 19 فیصد ہے لیکن زرعی شعبے نے صرف اعشاریہ 4 فیصد ٹیکس ادا کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کیلئے اقدامات کرے ۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمٰن سہگل،سابق صدرمیاں انجم نثار، انجینئر سہیل لاشاری، محمد علی میاں ،فاروق افتخار، خواجہ خاور رشید، پاکستان ٹریڈرز الائینس کے سیکرٹری اطلاعات محمد ارشد بھٹی و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔