
لاہور۔19 مارچ(اے پی پی )صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ے کہ قومیں تہذیب و تمدن اور ثقافت سے پہچانی جاتی ہیں، پاکستانی تہذیب اسلامی اور برصغیر کی علاقائی ثقافت کا حسین امتزاج ہے۔ یہ بات انہوں نے الحمراء ہال میں آرٹسٹس ایسوسی ایشن آف پنجاب کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ نیشنل آرٹ ایگزیبیشن میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے مصوروں کو انعامات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں سابق وزیر خارجہ سردار آصف احمد علی ، ایم پی اے رائے عزیز اللہ خان، میاں اعجاز الحسن اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل (الحمرائ) اطہر علی خان کے علاوہ این سی اے ، لاہورکالج یونیورسٹی و تعلیمی دیگر اداروں کے طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے نمائش میں حصہ لینے والے مصوروں میںایوارڈز تقسیم کئے اور الحمراء آرٹ گیلری میں تصاویر کی نمائش بھی دیکھی۔وزیر اطلاعات نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پنجاب وارث شاہ اور بلھے شاہ کی دھرتی ہے جہاں داتا صاحب اور حضرت میاں میر کے نام لیوا امن و آشتی ، بقائے باہمی اور محبت و احترام کی شاندار مضبوط روایات کے امین ہیں ، کچھ انتہا پسند اور ڈنڈا بردار پاکستانیوں اور مسلمانوں کا دنیا بھر میں امیج تباہ کرنے کیلئے کوشاں ہیں ایسے عناصر کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں آرٹ اور اپنی ثقافت کے اپنے سافٹ امیج کے فروغ کا ذریعہ بنانا چاہئے ۔ ہماری ثقافت ، ہمارا ورثہ خواہ وہ دیہات کا سیدھا سادا ماحول ہو یا ٹرک آرٹ سے لیکر موہنجوداڑو اور ہڑپہ کی قدیم تہذیبیں ہوں ہمارے شاندار ماضی اور تابناک مستقبل کا پر تو ہے۔ انکا کنہا تھا کہ ہمیں انتہا پسندی ،نفرتوں اور فرقہ پرستی جیسی لعنتوں کو اسی ہتھیار سے ختم کرنا ہوگا، آرٹ سے زیادہ کوئی میڈیم اس کام کیلئے موثر ثابت نہیں ہوسکتا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان صوفیائے کرام کا دم بھرنے والوں کی دھرتی ہے یہاں کی اقلیتیں مسلمانوں سے زیادہ پاکستان سے محبت کرتی ہیں ، ہمارے پرچم کی سفید پٹی پر یقین نہ رکھنے والوں کا ہمارے قومی کردار میں کوئی حصہ نہیں۔صمصام بخاری نے کہا کہ ہمارے صوفیاء کی تعلیمات ہمیں کمزور طبقات کے ساتھ کھڑے ہونے کی ترغیب دیتی ہیں، انہی کمزور طبقات میں شاندار آرٹسٹوں کی صورت میں گدڑی کے لال پلتے ہیں۔ تقریب میں جن آرٹسٹوں کو نمایاں مصوری پر انعامات دیئے گئے ان میں کریم خان، شہلا فاروق، انور زیب ، محبوب علی ، صابر نذر ، راحت علی ، فائزہ توفیق ، چترا پریتم، شمی احمد ، شاہد سندھو، عجب خان ، محمدجاوید، صلاح الدین میچو، اکرم پاؤل ، عبدالمالک چنا اور بدرالدین شامل تھے۔ تقریب سے سردار آصف احمد علی اور میاں اعجاز الحسن نے بھی خطاب کیا۔