بیجنگ۔ 20 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بدھ کو چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے پولٹ بیورو کے رکن اور سینٹرل فارن افیئرز کمیشن آفس کے ڈائریکٹر یانگ جائی کی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یانگ جائی کی نے دہشت گردی پر قابو پانے اور علاقائی خاص طور سے جنوبی ایشیا میں امن کی کوششوں میں پاکستان کی کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے افغانستان میں مفاہمت کی کوششوں میں تعاون پر بھی پاکستان کی تعریف کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر چین اور پاکستان کے درمیان پہلے سٹریٹجک ڈائیلاگ میں ہونے والی بات چیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ بات چیت باہمی دلچسپی کے امور پر دونوں ممالک یکساں موقف کا اظہار تھی۔ انہوں نے چین کی طرف سے تسلسل کے ساتھ پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کی تعریف کی۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) بارے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یانگ جائی کی نے کہا کہ پاک چین دوستی ہر آزمائش میں پورا اتری ہے اور دیگر ممالک کے باہمی تعلقات کے لئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں نئی روح پھونک دی ہے۔ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو نئے دور میں مشترکہ مستقبل کےلئے عوام کی سطح پر قریبی تعلقات استوار کرنے میں بھرپور تعاون کی یقین دہائی کرائی۔