وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بیجنگ میں سی پیک سے متعلق سیاسی جماعتوں کے فورم سے خطاب

87

بیجنگ ۔ 20 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سی پیک سے متعلق سیاسی جماعتوں کا فورم باہمی افہام و تفہیم میں مزید اضافہ کرے گا اور منصوبہ کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے حوالہ سے ہمارے اجتماعی عزم کو عملی جامہ پہنائے گا، اس کے علاوہ فورم سے دونوں ملکوں کے مابین وقت کی ہر آزمائش پر پورے اترے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے یہ بات گزشتہ روز بیجنگ میں سی پیک سے متعلق سیاسی جماعتوں کے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ فورم کا اہتمام سی پی سی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبہ نے کیا تھا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سی پی سی مرکزی کمیٹی برائے بین الاقوامی شعبہ کے وزیر سانگ تاو فورم کی مشترکہ صدارت کر رہے تھے۔ وزیر خارجہ نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورم دونوں ملکوںکے مابین باہمی افہام و تفہیم میںمزید اضافہ کرے گا جبکہ اس پلیٹ فارم سے دونوں ملکوں کے درمیان وقت کی ہر آزمائش پر پورے اترے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خیرمقدم کرتے ہوئے سانگ تاو نے کہا کہ سی پیک بی آر آئی کا فلیگ شپ منصوبہ ہے اور فورم دونوں ملکوں کے عوام کے مابین رابطوں میںاضافہ کا باعث بنے گا اور اس سے خطہ میں ترقی کیلئے نئی راہوں کا تعین کرے گا۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سیّد اور سینیٹ کی سی پیک کمیٹی کی چئیرپرسن سینیٹر شیری رحمان بالترتیب تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے وفود کی قیادت جبکہ گورنر بلوچستان امان اللہ خان اے این پی، این پی، جے یو آئی (ایف)، بی این پی، پی پی پی، پی ٹی آئی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے نمائندوں سمیت بلوچستان اور کے پی کے سے سیاسی جماعتوں کے وفود کی مشترکہ قیادت کر رہے تھے۔ فورم میں چین سے ایگزم بینک، ایس او ایز، تھنک ٹینکس، آئی ڈی سی پی سی، این ڈی آر سی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ فورم کے دوران دونوں ملکوں کے سٹیک ہولڈرز نے سی پیک کی ترقی سے متعلق تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ فورم کے شرکاءنے اگلے ماہ بیجنگ میں منعقد ہونے والے بی آر آئی کے دوسرے فورم کی مکمل حمایت کی۔ فورم کے اختتام پر تمام سٹیک ہولڈرز نے اتفاق رائے سے بیجنگ اعلامیہ منظوری سے جاری کیا۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے تبادلوں اور تعاون پر مکمل اتفاق کیا اور سی پیک سے متعلق منفی پروپیگنڈے کو مسترد کیا۔