بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کی دفتر خارجہ طلبی ، سمجھوتہ ایکسپریس پر دہشت گرد حملے میں ہندو دہشت گرد تنظیم آر ایس ایس کے مرکزی ملزم سوامی آسیم آنند سمیت چاروں ملزمان کی بریت پر شدید احتجاج کیا گیا، ترجمان دفتر خارجہ

72
بھارتی پارلیمنٹ کی نئی قانون سازی کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم کرنے کا ایک اور فریب ہے، ترجمان دفتر خارجہ کی بریفنگ

اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے بدھ کو بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور سمجھوتہ ایکسپریس پر دہشت گرد حملے میں ہندو دہشت گرد تنظیم آر ایس ایس کے مرکزی ملزم سوامی آسیم آنند سمیت چاروں ملزمان کی بریت پر شدید احتجاج کیا۔ بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے بھارتی عدالت کی جانب سے ملزمان کوبری کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس پر گھناﺅنے دہشت گرد حملے کے گیارہ سال بعد ملزمان کی رہائی انصاف کیساتھ مذاق ہے اور فیصلے نے بھارتی عدالتوں کی شرمناک ساکھ کو بے نقاب کردیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے سر عام اپنے گھناﺅنے جرائم کا اعتراف بھی کیا تھا، اسکے باوجود ملزمان کی رہائی بھارت کی منافقت اور دوغلے پن کا واضح ثبوت ہے۔ قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ملزمان کی بتدریج بریت اور بالاخر رہائی نہ صرف انصاف کے حصول کیلئے شہداءکے خاندانوں کی امیدوں پر پانی پھیرنے کے مترادف ہے بلکہ ہندو دہشت گردوں کو تحفظ اور فروغ دینے کی بھارتی ریاستی پالیسی کی بھی عکاس ہے۔