ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی رنگا رنگ تقریب سے خطاب

72

نیویارک ۔ 22 مارچ (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہوچکا ہے۔ وہ اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے حوالہ سے رنگا رنگ استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب میں اقوام متحدہ کے تین انڈرسیکرٹریز جنرل، جنرل اسمبلی کے متوقع صدر اقوام متحدہ میں نائیجیریا کے سفیر پروفیسر تجانی محمد بندے، مختلف ممالک کے سفارتکاروں، صحافیوں اور امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ آج پاکستان پرامید اور پراعتماد ہے۔ حال ہی میں جاری ہونے والے ایک بین الاقوامی سروے کے مطابق پاکستان کا شمار دنیا بھر میں سب سے زیادہ خوش رہنے والی اقوام میں ہوتا ہے جو ہماری قوم کی طاقت اور برداشت کا اعتراف ہے۔ پاکستان کی موجودہ حکومت نے عوام میں مستقبل کی ترقی اور خوشحالی کی بے پناہ اور غیر معمولی امیدیں پیدا کردی ہیں۔ پاکستان کثیر مذہبی و ثقافتی معاشرے کے تصور سے مکمل وابستگی رکھتا ہے اور وہ اس کے فروغ کے لئے بین الاقوامی سطح پر قائدانہ کردار جاری رکھے گا۔ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز کےلئے افرادی قوت کی کی فراہمی اور نظریاتی حمایت جاری رکھے گا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کےلئے پاکستانی مردوں و خواتین کی خدمات کو تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اس موقع پر مختلف ممالک کے مندوبین کے ہمراہ دل دل پاکستان کی روح پروردھن میں کیک کاٹا۔