چین کی جانب سے دو ارب 10 کروڑ ڈالر پیر کو موصول ہوجائیں گے، ایکسچینج ریٹ ٹارگٹ کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، ترجمان وزارت خزانہ

75

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وزارت خزانہ کے ترجمان اور ایڈوائزر ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے پاکستان کو دو ارب 10 کروڑ ڈالر پیر کو موصول ہوجائیں گے۔ہفتہ کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ٹویٹ میں ترجمان نے کہا کہ وزارت خزانہ کی جانب سے چینی وزارت خزانہ کے ساتھ تمام ضروری کارروائی مکمل کرلی گئی ہے تاکہ دو ارب10 کروڑ ڈالر کی رقم موصول ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ اس رقم کی وصولی سے ملک کی ادائیگیوں کے توازن کی صورتحال مزید مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے دیئے جانے والے یہ فنڈز پیر کو اسٹیٹ بنک آف پاکستان میں جمع ہوجائیں گے اس سے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال بھی بہتر ہوگی۔انہوں نے وضاحت کی کہ ایکسچینج ریٹ ٹارگٹ کے حوالے سے چھپنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔پاکستانی روپے یا امریکی ڈالر ایکسچینج ریٹ ٹارگٹ کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور یہ افواہیں بے بنیاد ہیں۔