رواں سال خام تیل کے نرخ 65 سے 75 ڈالر فی بیرل رہنے کی توقع ہے،وزیر توانائی اومان

114

دبئی ۔ 31 مارچ (اے پی پی) اومان کے وزیر توانائی محمد بن حماد الرمحی نے کہا ہے کہ رواں سال کے دوران خام تیل کے نرخ 65 سے 75 ڈالر فی بیرل رہنے کی توقع ہے۔سرکاری نیوز ایجنسی کے وزیر توانائی کے حوالے سے جاری بیان کے مطابق ان کا ملک اوپیک اور دوسرے ملکوں کے دوران تیل کی پیداوار میں کمی بارے ہونے والے معاہدے پر رواں سال کے آخر تک کاربند رہنے کے لیے پرعزم ہے، اس معاہدے کے تحت تیل کی عالمی پیداوار میں کمی کے باعث اس کے نرخوں میں مزید استحکام کی توقع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اومان کی سرکاری آئل کمپنی سری لنکا کے جنوبی ساحلی علاقے میں نئی آئل ریفائنری کے 30 فیصد حصص کی خریداری کے لیے فزیبلٹی رپورٹ کا جائزہ لے رہی ہے، یہ سری لنکا میں 52 سال کے عرصے میں تعمیر ہونے والی پہلی نئی آئل ریفائنری ہوگی، اس سے قبل ایران نے سری لنکا کے دارالحکومت کے قریب ایک ریفائنری قائم کی تھی جس کی تیل صاف کرنے کی صلاحیت 50 ہزار بیرل یومیہ تھی۔ادھر گزشتہ روز دبئی مرکنٹائل ایکسچینج سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مئی کے دوران اومان میں تیل کی سرکاری قیمت فروخت 2.50 ڈالر اضافے کے ساتھ 66.98 ڈالر فی بیرل ہوگی۔