لاہور۔2 اپریل (اے پی پی )گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے بھارت کو امن دشمن قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائر نگ بدترین دہشت گردی ہے ۔افواج پاکستان نے ہمیشہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے ہم ملکی سر حدوں کی حفاظت کیلئے جانوں کی قر بانیاں دینے والے فوجی جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قوم افواج پاکستان کیساتھ کھڑی ہے ۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے بدتر ین مظالم کو چھپانے کیلئے خطے میں کشیدگی پیدا کر نے کی کوشش کر رہا ہے۔پاکستان کشمیری عوام کیساتھ ہے اور کسی بھی قر بانی سے بھی دریغ نہیں کیا جائیگا ۔ وہ منگل کے روز تحر یک جموں وکشمیر حق خوداردیت برطانیہ کے چیئر مین راجہ نجابت، سیکرٹری جنرل محمد اعظم ،انٹر نیشنل کوارڈی نیٹر عبدالحمید لون ،مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی شائستہ صافی ،گلگت بلتستان کی سابق رکن اسمبلی آمنہ انصاری ،تحریک انصاف گلگت کے محمد شاہد اور ثنا بخاری ،ریحانہ یاسمین اور کنول حیات کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھارتی افواج کی بلا اشتعا ل فائرنگ سے تین پاکستانی فوجی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہدا ءکے خاندانوں کے غم میں برابر کی شر یک ہے اور ملک کیلئے جان کی قر بانی دینے والوں کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت کی احمقانہ حرکتوں کی وجہ سے خطے میں امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے ہمیشہ بھارت کو امن کا پیغام دیا ہے لیکن ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ بھارت ہمارے امن کے پیغام کو کمزوری نہ سمجھے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کیلئے بھارت کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ بندو ق اورگولی کی طاقت کے باوجود بھارت کشمیر یوں کی آواز کو دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان آج بھی کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتا ہے اور کشمیریوں کی پر امن تحر یک آزادی کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔اُنہوں نے کہا کہ بھارت کو بھی ایک بات سمجھ لینی چاہیے کہ اُس کے پاس مسئلہ کشمیر کو حل کر نے کے سواکوئی دوسرا راستہ موجود نہیں اور آج نہیں تو کل ضرور بھارت کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کر نا پڑیگا۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان نے پہلے بھی بھارت کو سیاسی ،سفارتی اور سر حدی محاذ پر شکست دی ہے اور آئندہ بھی شکست امن کے دشمن کا مقدر رہے گی ۔