وزیراعظم محمد نواز شریف کا مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب

168

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ایک اور دھرنا دینے کا ارادہ رکھنے والی سیاسی جماعتوں کو اب بھی کچھ حاصل نہیں ہو گا، ایسے نعروں سے پاکستان کے عوام کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا، باشعور عوام جانتے ہیں کہ کون ترقی اور کون انتشار کی سیاست کر رہا ہے، سیاست میں دھرنوں سے نہیں صرف کارکردگی سے کامیابی حاصل ہوتی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ریکارڈ ہے کہ وہ ترقی کی سیاست کرتی ہے، ہم آج کے ساتھ ساتھ مستقبل کو بھی روشن بنانے کےلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں کابینہ کے ارکان، سینیٹرز، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور مشیران سمیت مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آمد پر اجلاس کے شرکاءنے زور دار ڈیسک بجا کر وزیراعظم کا خیرمقدم کیا جبکہ وزیراعظم نے لندن میں اوپن ہارٹ سرجری سے قبل اور بعد میں بحالی صحت کیلئے دعائیں کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام باشعور ہو چکے ہیں، عوام جانتے ہیں کہ کون ترقی کی سیاست کرتے ہیں اور کون انتشار کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں دھرنوں سے نہیں صرف کارکردگی سے کامیابی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے آزاد کشمیر میں اپنی انتخابی مہم کے دوران حکومت کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی لیکن عوام نے انتخابی نتائج کی صورت میں اس کے نتائج دیکھے ہیں، آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی ایک تاریخی کامیابی ہے۔