اسلام آباد ۔ 5 اپریل (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کو معاشی اور معاشرتی طور پر تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کے لئے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت ”یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام” سمیت کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے ”اے پی پی” سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عثمان ڈار نے کہا کہ یوتھ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور کاروبار کے ذریعے معاشی اور معاشرتی طور پر بااختیار بنائے گا۔ اس پروگرام میں زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان شامل ہوں گے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک منصوبہ کا مقصد ملک کی تما م یونیورسٹیوں اور 300 منظور شدہ ٹیکنیکل اداروں میں نوجوانوں کو ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈارنے کہا کہ جلد ہی حکومت ”نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک” پروگرام کے نام سے ایک پراجیکٹ کا آغاز کرنے والی ہے جبکہ حکومت پہلے سے ہی ”نیشنل ایمپلائمنٹ ایکسچینج پورٹل” کے منصوبے پر کام کر رہی ہے جو نیوٹیک کی طرف سے بنایا گیا اور یہ ادارہ نوجوانوں کی سکلز ڈویلپمنٹ کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نوجوانوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کریں گے ان کیلئے قرضوں کی سکیمیں نکالیں گے تاکہ وہ خود اپنا کاروبار کر سکیں، نوجوانوں کی بڑی تعداد جاب مارکیٹ میں آ رہی ہے ہم چاہتے ہیں ان کے پاس ہنر بھی ہوں، ہم انڈسٹری میں انوینشن لانا چاہتے ہیں، نوجوانوں کے مسائل کو سمجھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت ان کے مستقبل کیلئے بہت کام کر رہی ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے نیشنل یوتھ ڈویلیپمنٹ ورک کے حوالے سے منصوبے تیار کئے ہیں جس کا فوکس نوجوانوں کی تعلیم اور انہیں روزگار فراہم کرنا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نیشنل یوتھ کونسل بنائی جا رہی ہے جو وزیراعظم کی نگرانی میں نوجوانوں کے لئے روزگار اور ترقی کے لئے مختلف شعبوں میں کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام یونیورسٹیوں کے ساتھ الحاق شدہ تین سو تعلیمی اداروں میں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبوں میں ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں بشمول مرد وخواتین کو فنی تربیت دے گی تاکہ ان کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت فنی تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کو اپنا ذاتی کاروبار شروع کرنے کے لئے حکومت پانچ لاکھ روپے تک قرض دے گی اور نیشنل یوتھ ایمپلائنمنٹ ایکسچینج، گرین یوتھ موومنٹ، جوان میدان پروگرام اور دیگر منصوبے شروع کرنے والی ہے جس کے لئے بھاری فنڈ مختص کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے ان منصوبوں کو قانونی تحفظ دلانے کے لئے پارلیمنٹ میں قانون سازی کی جائے گی۔