اسلام آباد ۔ 6 اپریل (اے پی پی) ٹیکس سال2018ءکےلئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد1.87 ملین کی ریکارڈ سطح تک بڑھ گئی ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) کی جانب سے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع اورادارہ کے اقدامات سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی ہے۔ ایف بی آر کے حکام نے کہا ہے کہ 30اپریل2019ءتک ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد2 ملین سے بڑھنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکٹو ٹیکس پیئرز کی لسٹ( اے ٹی ایل) کے مطابق ٹیکس دہندگان کی جانب سے ٹیکس سال 2018ءکےلئے 18لاکھ71 ہزار116 گوشوارے جمع کرائے گئے ہیں جبکہ ٹیکس سال 2017ء کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد1.84 ملین تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ملک میں ٹیکس کے دائرہ کار میں اضافہ اور ٹیکس کلچر کے فروغ کےلئے جامع حکمت عملی کے تحت منصوبہ بندی سے اقدامات کررہا ہے جس سے خاطرخواہ نتائج حاصل ہونگے۔