کوئٹہ ۔ 4 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے منصوبوں کی تکمیل پر صوبہ میں معاشی و سماجی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ جمعرات کو یہاں گورنر ہاﺅس میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور وزیراعلیٰ نواب ثناءاﷲ زہری کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر نے بلوچستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ شرپسندوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پراجیکٹس، گوادر میں گہرے سمندر کی بندرگاہ کی اپ گریڈیشن، گوادر پورٹ ایکسپریس وے اور گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ صوبہ میں معاشی ترقی کو یقینی بنائے گا اور ان سے روزگار کے زبردست مواقع پیدا ہوں گے۔