راولپنڈی ۔ 9 اپریل (اے پی پی) راولپنڈی کی کراٹے ٹیم نے پنجاب گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 طلائی تمغے جیت لئے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے احمد بلال نے انفرادی کاتا میں طلائی تمغہ حاصل کیا، ٹیم کاتا میں احمد بلال، احمد خالد اور محمد ابراہیم نے طلائی تمغہ جیتا۔ 60 کلوگرام کیٹگری کے فائنل مقابلوں میں احمد خالد نے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، اسی طرح سید عقاب اور سید سائق نے بالترتیب 75 اور 84 کلوگرام ویٹ کیٹگری میں سونے کے تمغے جیتے۔ محمد بلال میں 55 کلوگرام میں چاندی، محمد عادل نے 85 پلس کیٹگری میں چاندی اور احمد بلال نے 67 کلوگرام میں کانسی کا تمغہ جیتا۔ راولپنڈی ڈسٹرکٹ کراٹے ایسوسی ایشن کے صدر ندیم لون نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ٹیم کوچ ارسلان لیاقت، مینجر تنویر احمد اور تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔