ٹیکسٹائل مصنوعات کی 4 روزہ عالمی نمائش شروع ہوگی

123
بین الاقوامی نمائش انٹرسیک دبئی میں شرکت کےلئے بدھ تک درخواستیں جمع کرائی جا سکتی ہیں،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی

لاہور ۔ 10 اپریل (اے پی پی) پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی 4 روزہ نمائش ٹیکسپو 2019 ، کل سے ایکسپو سینٹر لاہور میں شروع ہو رہی ہے جس میں 53 ممالک سے بزنس مندوبین اور پاکستان کے بڑے شہروں سے 230 ٹیکسٹائل ملز کے نمائندے شرکت کرینگے ۔ یہ بات ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سیکر ٹری محمد صالح فاروقی نے گذشتہ روز ایکسپو سینٹر لاہور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔انہوں نے کہا کہ نمائش میں ملک کے بڑے برانڈز کی مصنوعات کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جس میں ریڈی میڈ گارمنٹس، ٹاول، بیڈ شیٹس، لیدر، فیشن گارمنٹس اور دیگر مصنوعات شامل ہوں گی،ٹیکسپو کے موقع پر 14 اپریل کو ٹیکسٹائل انوائز کانفرنس بھی منعقد ہوگی اور گورنر ہاوس میں ٹیکسٹائل مندوبین کے اعزاز میں ڈنر دیا جائے گا ، نمائش کاافتتاح کل بروز جمعرات وزیراعظم کے مشیر رزاق داودکریں گے، محمد صالح فاروقی نے مزید بتایا کہ نمائش میں ٹیکسٹائل تنظیموں کی قیادت بھی شریک ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ پاکستان کی کل برآمدات کا 57 فیصد ٹیکسٹائل پر مشتمل ہے جبکہ عالمی سطح پر ہونے والی برآمدات میں پاکستان کا حصہ 2 فیصد سے بھی کم ہے،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سیکر ٹری نے کہا کہ برآمدات کو بہتر بنانے کے لئے ہم مختلف رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں اور اپنی پوزیشن کا اندازہ لگا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسپو کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جس میں ٹریڈ پروموشن اور ایکسپورٹ بھی شامل ہے جس سے نمٹنے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مل کر کام کر رہے ہیں، نمائش کے متعلق ایک سوال پر سیکر ٹری محمد صالح فاروقی نے کہا کہ حکومتی سطح پر یہ 4 روزہ نمائش اہمیت کے لحاظ سے بہت بڑی ہے جس کے لیے بیرون ممالک میں کمرشل اتاشیوں نے بھی اہم کردار ادا کیا ۔اس نمائش کے انعقاد میں پنجاب حکومت سمیت دیگر تمام اداروں نے بھی معاونت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2016 ء کے بعد یہ دوسری بڑی نمائش ہے۔