قومی خزانے پر ہاتھ صاف کرنے والوں سے چوری کا مال نکلوانے کا عمل جاری ہے، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید

97

اسلام آباد ۔ 11 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ قومی خزانے پر ہاتھ صاف کرنے والوں سے چوری کا مال نکلوانے کا عمل جاری ہے، وزارت مواصلات کو بڑی کامیابی مل گئی ہے، سپیشل آڈٹ کے نتیجے میں پکڑے جانے والے 353 ملین روپے قومی خزانے میں واپس جمع کرا دیئے گئے ہیں۔ جمعرات کو وزارت مواصلات کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم کو اہم خوشخبری دینا چاہتا ہوں، 445 کروڑ کے بعد چوری ہونے والے 353 ملین روپے بھی چوروں سے نکلوا کر قومی خزانے میں واپس جمع کروا دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قلات۔ کوئٹہ۔چمن روڈ کی تعمیر میں کرپشن کرنے والوں کو پکڑا جاچکا ہے، گوادر۔ رتو ڈیرو روڈ کی تعمیر کے دوران ڈاکہ ڈالنے والوں پر بھی ہاتھ ڈال چکے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں منصوبوں میں 353 ملین روپوں کی خرد برد کے مصدقہ شواہد ملے تھے، وزارتِ مواصلات کی کوششوں سے دونوں منصوبوں میں کرپشن کرنے والے عناصر اپنے جرم کا اعتراف کرچکے ہیں۔ مراد سعید نے کہا کہ کرپٹ عناصر سے 353 ملین نکلوا کر قومی خزانے میں جمع کروا چکے ہیں، دو دیگر منصوبوں سے چرائے گئے 155 کروڑ تک بھی جلد پہنچ جائیں گے، وزارت سنبھالنے سے لیکر اب تک چوری شدہ 445 کروڑ قومی خزانے میں واپس جمع کروا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت ملی تو مجموعی طور پر 5 منصوبوں کے سپیشل آڈٹ کا فیصلہ کیا، قوم کا پیسہ لوٹنے والوں سے بالکل کوئی رعایت نہیں برتیں گے، جس جس نے بھی خزانے پر ہاتھ صاف کئے ہیں اس اس کو قوم کا مقدس پیسہ واپس کرنا ہوگا۔