کوئٹہ۔12 اپریل (اے پی پی) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں سیکورٹی اہلکار سمیت16افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ جمعہ کی صبح کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں واقع سبزی منڈی میں نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے نصب کیا گیا بم دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں ایف سی اہلکار سمیت16افراد جاں جبکہ 30زخمی ہوگئے۔ لاشوں اورزخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ، بولان میڈیکل ہسپتال اور شیخ زید النیہان میڈیکل کمپلیکس پہنچادیا گیا۔جاں بحق ہونے والوں میں خدائے نظر ولد محمد علی،سلمان علی ولد جعفر علی ، حیات اللہ ولد حاجی محمد،نورجان ولد شیر محمد،اختر ولد ہدایت اللہ ، علی دریاب ولد علی جان ،اسد اللہ اوردیگر شامل ہیں۔ زخمیوں میںایف سی اہلکار رقیب خان ،منور، غلا م عباس،عمر شکور جبکہ شہریوں میں محمد عرفان ، حیات اللہ ،مصطفی ، وصل ، فضل محمد،قاسم ،محمد فرحان ، رفیع اللہ ، شوکت ، رمضان ، شعبان ،سید ابراہیم ،عبدالعزیز ، شیر محمد ، جلیل ،محمد سلیم ،فیض اللہ شامل ہیں۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک ایف سی اہلکار،8افراد کا تعلق ہزارہ برادری اور 7دیگر افراد شامل ہیں۔ دھماکے کے بعد پولیس اورایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اورامدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ بم ڈسپوزل اور پولیس کے عملے نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے شروع کردیئے ہیں۔ ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد سبزی کی خریداری کیلئے سیکورٹی فورسز کی نگرانی میں سبزی منڈی پہنچے تھے اور خریداری میں مصروف تھے کہ دہشت گردوں نے انہیں بم کے ذریعے نشانہ بنایا۔