ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب

120

اقوام متحدہ ۔ 12 اپریل (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے پاکستان اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دنیا میں امن برقرار رکھنے کے مشنز میں خواتین کی شرکت میں اضافہ کر رہاہے اوراس سلسلہ میں عالمی ادارہ کے مقرر کردہ 15 فیصد ہدف پہلے ہی مکمل کر لیا ہے ۔سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ امن فوجیوں میں خواتین کی اضافی شرکت اور ثالثی کردار میں زیادہ خواتین کی حوصلہ افزائی تنازعات کے حل میں تعمیر نو اور استحکام کے مراحل میں معاون ثا بت ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لئے سب سے زیادہ فوج بھیجنے کی حیثیت سے پاکستان نے امن برقرار رکھنے کے مینڈیٹ کا ہمیشہ اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھا ۔انہوں نے کہا کہ عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لئے مرد فوجیوں کی طرح پاکستان کی خواتین امن فوجیوں نے بھی ہمیشہ مثالی صلاحیت، ذمہ داریوں اور پیشہ ورانہ اہلیت کا مظاہرہ کیا ملیحہ لودھی نے کہا کہ میرے ملک کے لئے دنیا میں خواتین اور بچوں سمیت کمزور طبقات کا تحفظ نہ صرف عالمی امن و سلامتی کا ایک تقاضا ہے بلکہ یہ ایک اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نصب العین کے لئے ہم اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے تیار ہیں ا نہوں نے کہا کہ پاکستان امن کوششوں کے حوالہ سے خواتین کی شرکت پر زور دے رہا ہے،عالمی امن برقرار رکھنے کے سلسلہ میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے یکساں صنفی سٹریٹجی اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قرار دادوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے عزم کر رکھا ہے پاکستان جمہوریہ کانگو میں خواتین کی ایک ٹیم بھی تعینات کرے گا۔ انہوں نے سیکورٹی کونسل کو پاکستان کی جانب سے قائم کردہ سینٹر فا ر انٹرنیشنل پیس اینڈ سیکورٹی کے بارے میں بھی بتایا جہا ں امن برقرار رکھنے والے فوجیوں کو صورتحال سے موئثر طور نمٹنے میں مدد اور معصوم شہریوں کے تحفظ کے لئے آگاہی دی جاتی ہے پاکستان خواتین فوجی مبصرین کے لئے ایک کورس کا بھی اہتمام کر رہا ہے۔انہوں نے اس سال سینٹر میں جنرل اسمبلی کی صدر ماریا فرنینڈا اسپینوسا کی آمد کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ پاکستان کی امن برقرار رکھنے والی خواتین کے ساتھ ان کی ملاقات سے امن برقرار رکھنے کے مشنز میں زیادہ خواتین کی شرکت کے لئے بھر پور بات چیت کا موقع ملا ۔انہوں نے کہا کہ امن برقرار رکھنے کے مشنز میں خواتین کی شمولیت اقوام متحدہ کے ویمن پیس اینڈ سیکورٹی ایجنڈا کی اہم ترجیحات حاصل کرنے کا بنیادی عنصر ہے انہوں نے کہا کہ صرف اپنے طور خواتین کی امن فوجیوں میں تعیناتی کافی نہیں بلکہ اس کے لئے دنیا کی تمام حکومتوں کو آگے آنا ہوگا ۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ دنیا میں اب بھی خواتین کے جنسی استحصال کو جنگی حربے کے طورپر استعمال کیا جاتاہے ۔ پاکستان کی سفیر نے کہا کہ پاکستان خواتین کے جنسی استحصال اورزیادتی کے مکمل خاتمہ کے لئے سیکرٹری جنرل کی پالیسی کی پوری طرح حمایت کرتا ہے اور اس پالیسی پر مکمل عمل درآمد ہونا چاہیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنر ل نے کہا کہ امن برقرار رکھنے کے فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کو مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے جنہیں دنیا بھر میں عالمی ادارہ کو درپیش چیلنجوں کے حل میں مدد دینی چاہیے ۔